imrankhanbriefing 49

اسلام آباد پولیس صحت انصاف کارڈز کی منظوری

اسلام آباد پولیس صحت انصاف کارڈز کی منظوری
عمران خان کا آئی سی ٹی پولیس کی کارکردگی اور اسے ماڈل پولیس فورس میں تبدیل کرنے بارے بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال
اسلام آباد ۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس اہلکاروں کیلئے شہداءمعاونت پیکج کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر کرنے کی تجویز منظور کر لی جبکہ پولیس اہلکاروں کو صحت کی ضروریات مہیا کرنے کیلئے صحت انصاف کارڈز کی فراہمی کی بھی منظوری دےدی گئی۔ وزیراعظم عمران خان جمعرات کو اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس کی کارکردگی اور اسے ماڈل پولیس فورس میں تبدیل کرنے کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کر رہے تھے۔ بریفنگ میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز، رکن قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد، سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلمان خان، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان نے وزیراعظم کو آئی سی ٹی پولیس کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور وفاقی دارالحکومت کے رہائشیوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کیلئے وزیراعظم کی ہدایات پر اٹھائے گئے مختلف اقدامات کو اجاگر کیا۔ آئی جی اسلام آباد نے فورس کی کارکردگی کو مزید بہتر اور ملک کی ماڈل فورس بنانے کیلئے آئی سی ٹی پولیس کو درپیش مختلف انتظامی، قانونی، مالیاتی اور انسانی وسائل کی رکاوٹوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ عامر ذوالفقار خان نے وزیراعظم کو منشیات فروشوں، لینڈ مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن اور تجاوزات کے خلاف مہم کے بارے میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں