anf 35

اینٹی نارکوٹکس فورس 2018 میں انسداد منشیات پر بریفنگ

اینٹی نارکوٹکس فورس 2018 میں انسداد منشیات پر بریفنگ
سال 2018 کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کے کل 1184 مقدمات درج کر کے 1376 عناصر کو گرفتار کیا گیا جبکہ 100.26میٹرک ٹن منشیات اور ممنوعہ کیمیائی مواد برآمد کیا گیاجس کی مالیت 1195.72 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے
منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 18تنظیموں کا نیٹ ورک توڑا گیاجس میں 5 بین الاقوامی تنظیمیں بھی شامل ہیں
اے این ایف کے 7نئے تھانے بنائے جا رہے ہیں
اے این ایف نے ملک بھر میں منشیات نذرآتش کی جانے والی الگ الگ تقاریب کے دوران مجموعی طور پرایک بلین امریکی ڈالر مالیت کی کل 244.837ٹن منشیات نذر آتش کیں
منشیات ایک معاشرتی ناسور ہے ۔ یہ معاشرے کے لئے انتہائی نقصان دہ اور انسانی زندگی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے ، جس کے اثرات نا صرف استعمال کرنے والے فرد پر ہوتے ہیں بلکہ تمام خاندان اس کے سنگین نتائج سے متاثر ہوتا ہےاپنے عزم اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے تعاون سے ہم اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ حکومتِ پاکستان اور اے این ایف ملک سے منشیات کے استعمال اور ترسیل کو مکمل ختم کرنے کے لئے انتہائی پُر عزم ہے۔ منشیات کا خاتمہ کوئی ایک ملک یا ادارہ اکیلے ہرگز نہیں کر سکتابلکہ عالمی مسئلہ ہونے کے پیشِ نظر یہ علاقائی اور قومی سطح پر ایک مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
اے این ایف انسدادِ منشیات کے ضمن میں قانون نافذ کرنے والا نمایاںادارہ ہے جو کہ 5 علاقائی دفاتر، 29 اے این ایف پولیس اسٹیشنز، 13 ہوائی اڈوں، 17 ڈرائی پورٹس، 4 بندرگاہوں اور 6 سرحدی علاقوں میں تعیناتی کے ساتھ ملک بھر میں اپنے فرائض ادا کر رہا ہے ۔ یہ محکمہ 3148 کی کم تعداد اور روز مرہ نئے چیلینجز کا سامنا ہونے کے باوجود” منشیات سے پاک معاشرہ ” کی تشکیل کے مشن کو پورا کرنے کے لئے مکمل ایمانداری، عزم اور جوش و جذبے سے سر گرمِ عمل ہے۔ حالات کی سنگینی کے پیشِ نظر، اے این ایف اپنی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے اور سہ رخی لائحہ عمل کی مدد سے اس کو مکمل کررہا ہے :
منشیات کی رسد روکنا
٭ منشیات کی ترسیل کی روک تھام
٭ پوست کی پیداوار کا خاتمہ
٭ قانونی چارہ جوئی
٭ اثاثہ جات کی تفتیش
٭ ممنوعہ کیمیائی مواد کی روک تھام کا لائحہ عمل
منشیات کی طلب میں کمی
٭ بذریعہ عوام میں منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی مہمات
٭ عوام الناس کو منشیات کے خلاف آگاہی میں شامل کرنا
٭ منشیات کے عادی افراد کا علاج و بحالی
بین الاقوامی تعاون
٭ اقوامِ متحدہ کی ہر کنونشن میں دستخط کنندہ ہونے کی حیثیت سے ہم مشترکہ ذمہ داری کی تکمیل کے لئے بین الاقوامی ساتھیوں کے ساتھ مل کر کوششیں کرنا
اے این ایف نے اب تک قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر گرانقدر کارہائے نمایاں سر انجام دئیے ہیں۔منشیات کی رسد روکنے کی مد میں اے این ایف نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معاونین کی مدد سے ملک سے پوست کی پیداوار کو نہ ہونے کے برابر کم کردیا گیا ہے۔ نتیجتاً، UNODC کے معیار کے مطابق پاکستان سال 2001 سے پوست کی پیداوار سے پاک ملک کی حیثیت حاصل کر چکاہے۔
افغانستان میں بڑھتی ہوئی پوست کی پیداوار سے کا سب سے بڑا نقصان پاکستان کو ہے ۔ UNODC کی سروے رپورٹ کے اعدادو شمار کے مطابق، افغانستان میں اس سال 6400 میٹرک ٹن افیون کاشت کی گئی ہے ،جس سے 300 میٹرک ٹن ہیروئن اور 3400 میٹرک ٹن خام افیون بنائی جا سکتی ہے۔
اے این ایف تعلیمی اداروں اور نوجوان نسل کو منشیات فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ تعلیمی اداروں کو منشیات فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اب تک 137 مقدمات درج کر کے 163 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 2518 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
اے این ایف اس وقت منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے تین مراکز کراچی ، اسلام آباد اور سکھر میں چلا رہی ہے، سکھر علاج و بحالی مرکز سال 2018 میں قائم کیا گیا۔ منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے کراچی مرکز کو50 بستروں پر مشتمل خواتین اور بچوں کی بحالی وارڈ کے اضافے کے ساتھ مجموعی طور پر 105 بستروں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ منشیات کے عادی افراد کے اسلام آباد بحالی مرکز کو مزید وسیع و بہتر کیا جا رہا ہے۔ اسی طرز کے مزید4 بحالی مراکز کوئٹہ، لاہور ،حیدر آباد اور پشاور میں مستقبل قریب میں قائم کئے جائیں گے۔
اے این ایف نے ان علاج و بحالی مراکز میں تاحال 17,486 منشیات کے عادی افراد کو مفت علاج و بحالی کی سہولت فراہم کی ہے۔
سال 2018 کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کے کل 1184 مقدمات درج کر کے 1376 عناصر کو گرفتار کیا گیا جبکہ 100.26میٹرک ٹن منشیات اور ممنوعہ کیمیائی مواد برآمد کیا گیاجس کی مالیت 1195.72 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔ بین الاقوامی سطح پردوسرے ممالک کے انسداد منشیات اداروں کو اے این ایف کی جانب سے مہیّا کی گئی معلومات پر مبنی 31 کاروائیاں عمل میں لائی گئیںجس کے نتیجے میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 78عناصر کو گرفتار کیا گیا اور 15.494میٹرک ٹن منشیات قبضے میں لی گئیں۔منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 18تنظیموں کا نیٹ ورک توڑا گیاجس میں 5 بین الاقوامی تنظیمیں بھی شامل ہیں۔ اے این ایف گرفتار شدہ اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی شرح 95 فیصد کی حوصلہ افزا سطح پر رہی جبکہ منشیات کی اسمگلنگ سے بنائے گئے 43.199 ملین روپے مالیت کے اثاثہ جات بھی منجمد کئے گئے ۔
2018 میں اے این ایف نے ملک بھر میں منشیات نذرآتش کی جانے والی الگ الگ تقاریب کے دوران مجموعی طور پرایک بلین امریکی ڈالر مالیت کی کل 244.837ٹن منشیات نذر آتش کیں۔
معزز مہمانان! نوجوان نسل میں منشیات کا بڑھتا ہوا رحجان انتہائی قابلِ تشویش امر ہے۔ اے این ایف عوام الناس کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی فراہم کرنے اور عوام کو منشیات کے خلاف جاری جنگ میں ساتھ لے کر چلنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ معاشرے کے تمام معزز اراکین کو منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اس ضمن میں اے این ایف نے سال 2018کے دوران اے این ایف نے ملک بھر میں 400 مختلف قسم کی آگاہی سرگرمیوںکے اقدامات کئے گئے۔
عمل میں لائی گئی آگاہی سرگرمیوں میں سیمینار، لیکچر، آگاہی ورکشاپس، کھیلوں کی سرگرمیاں، انسدادِ منشیات کی آرٹ، پینٹنگ و تحریرِ مضامین کے مقابلے، ثقافتی میلے، سٹیج ڈرامے،پوسٹر بنانے کے مقابلے، فری میڈیکل کیمپ، آگاہی واکس، منشیات سے آگاہی کے پیغام والے بینرز (بشمول یوٹیلیٹی بلز و سفری ٹکٹیں) ، عوامی حلقوں میںآگاہی مواد کی تقسیم اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا ، میڈیا ٹاکس اور سوشل کے ذریعے آگاہی شامل ہے۔
دیگر ممالک کو پاک سر زمین سے ہونے والے منشیات اسمگلنگ روکنے کے لئے بے شمار مشترکہ کاروائیاں عمل میں لائی گئیں، تاہم بین الاقوامی رفقا ء کے تعاون نے محکمہ کی عملی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیاجو کہ انتہائی قابلِ تحسین ہے۔
بین الاقوامی سطح پر خصوصاً خطے میں انسدادِ منشیات کے عمل کو مزید فعال بنانے کے لئے کئی غیر ملکی وفود نے ملک کے دورے کئے۔ پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ سرحدی روبط کا دفتر تاشکرگان (چین) اور خنجراب (گلگت بلتستان، پاکستان)میں قائم کر دیا گیا ہے۔ 6سال کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں اے این ایف11 اور 12 دسمبر کو 13ویں اعلیٰ دفتری سہ ملکی اجلاس کی میزبانی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا جس کے تحت افغانستان اور ایران کے ساتھ استوار تعلقات مزید بہتر ہوئے۔ اس سلسلے میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری رواں سال کابل میں منعقد ہونے والے وزارتی اجلاس میں دی جائے گی۔
حکومتِ پاکستان منشیات کے خلاف مکمل عزم کے ساتھ بر سرِ پیکار ہے۔ جہاں تک اے این ایف کا تعلق ہے، افرادی قوت کی کمی، منشیات کی روک تھام کے آلات اور مالی استعداد کے امور میں مزید بہتری کی ضرورت کے باوجود اے این ایف انشاء اللہ اپنے ملک سے منشیات کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوشش بجا لا ئے گی۔ تاہم عملی اقدامات کے معاملے میں استعدادِ کار کو بڑھانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ اے این ایف مناسب طریقہ کار کے تحت اپنی موجودہ افرادی قوت کو 3148 سے 10000 تک بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ گوادر میں ایک باقاعدہ ریجنل ڈائریکٹوریٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اے این ایف کے 7نئے تھانے بنائے جا رہے ہیں۔ موجودہ قانون میں بہتری کی سفارشات وفاقی کابینہ میں زیرِ غور ہیں۔ حکومتِ پاکستان اور معاونین کی مدد سے اے این ایف کے لئے جدید آلات کا حصول عمل میں لایا جا رہا ہے۔
اے این ایف اور حکومتِ پاکستان اپنے جذبے ، عزم اور سخت محنت کے ساتھ ملک سے منشیات کے استعمال اور ترسیل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لئے پر عزم ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں