imran-khan 37

عمران خان پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے

عمران خان پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے عمران خان 176 ووٹ ان کے مد مقابل شہباز شریف نے 96 ووٹ حاصل کئے
اسلام آباد ۔ (پی این این ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 176 ووٹ لے کر قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان منتخب ہو گئے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار میاں محمد شہباز شریف نے 96 ووٹ حاصل کئے۔ اس طرح عمران خان حلف اٹھانے کے بعد ملک کے 22 ویں منتخب وزیراعظم ہوں گے۔ قائد ایوان کے انتخاب کے بعد انتقال اقتدار کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور فاٹا سے دو آزاد اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت شروع ہوا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس کے آغاز میں اراکین کو قائد ایوان کے انتخاب کے طریقہ کار سے متعلق آگاہ کیا اور اراکین کو ہدایت کہ جو اراکین عمران خان کے حق میں ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں تو اسپیکر کے دائیں جانب لابی اے میں جائیں اور جو شہبازشریف کو ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں وہ اسپیکر کے بائیں جانب لابی بی میں چلے جائیں جس کے بعد اراکین اپنی اپنی لابی میں چلے گئے۔

رائے شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب میں عمران خان نے 176 ووٹ حاصل کیے جب کہ شہبازشریف کو 96 ووٹ ملے اور اس طرح عمران خان ملک کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں