fiazulhassanchohan-lokvirsa-islamabad 59

پاکستانی ثقافت کاثانی نہیں ،ثقافتی اقدار فنکاروں و دستکاروں کی صلاحیتوں پر فخر ہے، فیاض الحسن

پاکستانی ثقافت کاثانی نہیں ،ثقافتی اقدار فنکاروں و دستکاروں کی صلاحیتوں پر فخر ہے، فیاض الحسن
وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں قومی ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جائے گا، فنکاروں کی بھرپور معاونت ہوگی
لوک ورثہ میں دس روزہ میلے کی اختتامی تقریب سے پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کا خطاب

اسلام آباد (پی این این )پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تہذہب و ثقافت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے حکومت نئی ثقافتی پالیسی تشکیل دے رہی ہے جس میں فنکاروں ، ہنر مندو ں ، دست کاروں اور فنون لطیفہ کے تمام شعبوں سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ، انہیں علاج معالجے کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ، نئے ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے ’’پاکستان آئیڈل ‘‘ شروع کیا جائے گا۔ اور مستحق فنکار وں کی مالی معاونت کی جائے گی۔ یہ بات انہوںنے لوک ورثہ شکرپڑیال میں منعقد کئے گئے دس روزہ قومی میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل، آزاد کشمیر کے وزیر سپورٹس اینڈ کلچر آزاد کشمیرچوہدری سعیدایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ شاہینہ شاہد ، ڈائریکٹرراولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد، چاروں صوبوں کے اعلی حکام ، ثقافتی اداروں اور تنظیموںکے نمائندوں ، ملک بھر کے نمائندہ لوک فنکاروں اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہاکہ پاکستان کی ثقافت کا کوئی ثانی نہیں اور ہمیں اپنی ثقافتی اقدار ،فنکاروں و دستکاروں کی اعلی صلاحیتوں پر فخر ہے اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ثقافتی سرگرمیوںکو فروغ دیا جائے گا اور صوبہ پنجاب میں وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی سرپرستی میں صوبے کے تمام خطوں کے ثقافتی ورثے کو ہر سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے دس ہزار فنکاروں کی مالی اعانت کی جائے گی انہیں ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے اور بیماری کی صورت میں فنکاروںکے لئے سالانہ چار لاکھ روپے تک علاج معالجے کے لئے وقف کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ فنکار پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی خدمات قابل قدر ہیں اور حکومت انہیں بہترین سہولیات اور فنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کے لئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔فیاض الحسن چوہان نے اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں اور دستکاروں میںنقد انعامات بھی تقسیم کئے ۔ انہوں نے لوک میلہ میں لگائے گئے پنجاب پویلئن کا بھی دورہ کیا اور دستکاروں کے کام کو سراہا ۔ انہوں نے کامیاب میلے پر لوک ورثہ کی انتظامیہ کو مبارک باد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔ قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ شاہیرہ شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میلے میں ملک بھر سے بھر پور شرکت اور لوگوں کی کثیر تعداد میں آمد سے فنکاروں اور دستکاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ انہوں نے تمام اداروں کی تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی ثقافت کاثانی نہیں ،ثقافتی اقدار فنکاروں و دستکاروں کی صلاحیتوں پر فخر ہے، فیاض الحسن

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں